taaziyat :ml asrarul haq qasmi
ملت اسلامیہ کے سچے ہمدرد و بے لوث خادم
حضرت مولانا محمد اسرارالحق قاسمیؒ کا انتقال ایک عہد کا خاتمہ
مشہور رفاہی تنظیم خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کا اظہارِ تعزیت
گرامی قدر مولاناسعود عالم ندوی صاحب،جناب فہد عالم صاحب/مولانا نوشیرعالم صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ۔اللہ رب العزت سے امید واثق ہے کہ آپ حضرات بعافیت ہوں گے۔
۷؍دسمبر
۲۰۱۸ء کی صبح جب آنکھ کھلی تو سب سے پہلے یہ جانکاہ خبر ملی کہ ملت
اسلامیہ کے سچے ہمدرد اوربے لوث خادم حضرت مولانا محمد اسرارالحق قاسمی صدر
آل انڈیا ملی و تعلیمی فاؤنڈیشن و رکن پارلیمنٹ(لوک سبھا) اب ہمارے
درمیان نہیں رہے۔ إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔
بلاشبہ
حضرت کا سانحہ ارتحال ایک عہد کا خاتمہ ہے۔بالخصوص دینی،علمی،ملی
،سیاسی،سماجی اوردعوتی و اصلاحی حلقوں میں آپ کے جانے سے جو خلاپیدا ہواہے
اس کی تلافی ممکن نہیں۔حضرت مولانا کا یہ وہ خاص وصف تھا جس کی وجہ سے آج
پوری ملت سوگوار ہےاور سبھی کو آپ کی جدائی کا غم یکساں ستا رہاہے۔ کسی
کویقین نہیں ہوتا کہ دیر رات اصلاح معاشرہ اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم
کا درس دینے والا شخص صبح کا سورج نہیں دیکھ پائے گا،لیکن یہ قدرت کا نظام
ہے اس پر یقین اور ایمان دونوں ضروری ہے۔
حضرت
مولانا فقیر صفت انسان تھے اور بڑی بے نیازی سے قوم و ملت کی خدمت انجام
دیتے رہے ، زندگی کے آخری چند گھنٹوں میں بھی دین کی خدمت کی اور عوام کو
حب رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تلقین فرماتے ہوئے اپنے مالک حقیقی جا ملے
۔حضرت صبر و استقلال کے پیکر تھے، ہمیشہ اپنے کام پر یقین رکھتے تھے ۔ وہ
ملت کے ایسے ہمدرد تھے اور بے لوث خادم و سپاہی تھے کہ ہر طبقہ میں عزت اور
قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے ،ان کی پوری زندگی ریاو نمود سے پاک تھی
۔یہ کم بڑی بات نہیں ہےکہ لوک سبھا سے ممبر پارلیمنٹ ہو نے کے باوجود ایک
عالم دین بنے رہناہی آپ کو زیادہ پسند تھا۔ اپنے اسلاف سے بے پناہ محبت و
انسیت کے سبب آپ کی پوری زندگی سادگی سے بسر ہوئی۔شخصیت اس قدر متواضع
تھی کہ سیاست میں رہنے کے باوجود عالمانہ شان و شوکت کے ساتھ رہے۔اس لئےآپ
کا انتقال نہ صرف اہل خانہ اور فائونڈیشن کے لیے بلکہ پوری ملت کے لیے
عظیم خسارہ ہے۔
حضرت
مولانا کا انتقال ایک عہد ساز شخصیت کا خاتمہ ہے مگر تعلیمی اور ملی خدمات
کی وجہ سے آپ لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ و تابندہ رہیں گے اور ان کی
بیش بہاقربانیاں اور خدمات سے قوم کو روشنی ملتی رہے گی ۔دعا ہےکہ اللہ
تبارک و تعالی آپ کی خدمات عالیہ کوشرف قبولیت سے نوازے،آپ کے درجات کو
بلند فرمائے،سبھی پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق دے اورآپ کے جلائے ہوئے
چراغ کی حفاظت فرمائے، امت کے لئے نفع بخش اور اس کے فیض کو جاری و ساری
رکھے۔آمین یارب العالمین۔
محتاج دعاء
مولاناڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی
(جنرل سیکریٹری )
سینئر سب ایڈیٹر روزنامہ انقلاب دہلی
Comments
Post a Comment